18 اپریل 2015 - 16:55
حکمرانوں کو ملک اور قوم کی کوئی فکر نہیں: علامہ ناصر عباس جعفری

ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں امن کیلئے فوجی عدالتوں کو قائم رکھنا ضروری ہے، ورنہ دہشتگردوں کے حوصلے بڑھیں گے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں امن کیلئے فوجی عدالتوں کو قائم رکھنا ضروری ہے ورنہ دہشت گردوں کے حوصلے بڑھیں گے۔ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی 35 سالوں سے مل کر ملک کو لوٹ رہی ہیں، دونوں جماعتوں نے عام اور غریب آدمی کو کچھ دینے کی بجائے صرف اپنا مال بنایا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ نے ایم ڈبلیو ایم ضلع شیخوپورہ کے زیراہتمام جامع مسجد امامیہ کالونی میں اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو چلانے کے لئے ہزاروں نہیں صرف دو درجن ایماندار لوگ کافی ہیں، اگر ملک کو یہ ایماندار لوگ مل جائیں تو ملک کی تقدیر کو دنوں میں بدلا جاسکتا ہے، مگر موجودہ حکمرانوں کو ملک اور قوم کی کوئی فکر نہیں، یہ صرف اپنا اقتدار بچانے میں لگ ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سمیت دیگر مسائل میں خطرناک اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں امن کیلئے فوجی عدالتوں کو قائم رکھنا ضروری ہے، ورنہ دہشت گردوں کے حوصلے بڑھیں گے۔ شادی کی اس اجتماعی تقریب سے سید ناصر شیرازی، علامہ قیصر عباس چیئرمین شیئر پاکستان، سید مسرت کاظمی، سید اسد عباس نقوی اور دیگر مہمانوں نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں علامہ ناصر عباس جعفری نے 15 جوڑوں کا نکاح پڑھایا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲